بہبود ایجوکیشنل پبلک اسکول
چوں کہ یہاں کے مسلمان معاشی اور اقتصادی اعتبار سے نہایت ہی کمزور ہیں اس لیے اسّی (۸۰) فیصد لوگ اپنے بچوں کو عصری تعلیم گاہوں میں دسویں کلاس تک کی تعلیم دلانے پر بھی قادر نہیں ہیں، اس لیے اسکول میں پڑھنے والے طلبہ (جن کی تعداد بھی بہت کم ہے) چند کلاس پڑھ کر ہی اپنی تعلیم کو خیرباد کہنے پر مجبور ہوجاتے ہیں اور دنیاوی دھندے اور کاروبار میں پھنس کر کسبِ معاش کی فکر میں لگ جاتے ہیں، اس لیے ہم نے بہبود ایجوکیشنل ہیلتھ اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت اس علاقے میں ایک ایسا اسکول قائم کرنے کا ارادہ کیا اورمنصوبہ بنایا ، جس میں دسویں کلاس تک کی عصری تعلیم اسلامی طرز پر دی جائے اور ہر کلاس میں قرآن مجید ، عربی، دینیات، اسلامی تاریخ اور اسلامی معلومات کے اسباق بھی رکھے جائیں، اس میں ماحول مکمل اسلامی ہو اور مسلم لڑکے اور لڑکیاں اسلامی ماحول کے زیر اثر عصری تعلیم حاصل کرسکیں ، جس سے -ان شاء اللہ- افلاس کے شکار اس خطے کے مسلم بچوں اور بچیوں کی اچھی تربیت ہوسکے اور دینی و عصری دونوں قسم کے زیور تعلیم سے اپنے کو آراستہ کرکے اپنے مستقبل کوروشن وتابناک بناسکیں ۔
الحمد للہ ۲۰۱۸ء میں بہبود ایجوکیشنل پبلک اسکول کے نام سے کلاس ایک سے کلاس آٹھ تک کا اسکول قائم ہوا ہے اور بھارت سرکارسے اسے منظوری اوریو ڈائس کوڈحاصل ہوچکا ہے۔اسکول اپنے تعلیمی مشن میںرواں دواںہے۔کلاس آٹھ تک تمام کلاسوں میںطلبہ وطالبات ذوق و شوق اورمحنت ولگن کے ساتھ تحصیلِ علوم میں مصروف عمل ہیں۔ اور محنتی وصلاحیت مند اساتذۂ کرام تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اسکول غیر اقامتی ہے۔